ایسا نظام بننا چاہیے کہ آئندہ انتقامی کارروائیاں نہ ہوں، علی امین گنڈاپور

ایسا نظام بننا چاہیے کہ آئندہ انتقامی کارروائیاں نہ ہوں، علی امین گنڈاپور

تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایسا نظام بننا چاہیے کہ آئندہ انتقامی کارروائیاں نہ ہوں۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ہے، مینڈیٹ کی چوری ملک سے غداری ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اس لیے لا رہے تھے کہ دھاندلی نہ ہو، دھاندلی سے لوگوں کو مسلط کیا جائے گا تو ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ذاتی طور پر انتقامی کارروائی کے حق میں نہیں ہوں، ایسا نظام بننا چاہیے کہ آئندہ ایسی کارروائیاں نہ ہوں۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ مختلف حلقوں میں مختلف طریقوں سے دھاندلی ہوئی ہے، ثبوث سامنے آرہے ہیں کہ کچھ آر اوز نے دھاندلی ہونے دی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ابھی امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کا مرحلہ جاری ہے، ہم نے درخواست دی کہ ہمیں مخصوص نشستیں دی جائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جیسے ہی دیگر مراحل ختم ہوں تو اسمبلی اجلاس بلا کر حلف لیں گے، امید ہے ٹریبونل اور عدالتوں سے ہمیں حق ملے گا۔

خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جمہویت کا تقاضہ ہے عوامی حکومت بنے، کابینہ میں نئے لوگوں کو سامنے لایا جائے گا، ہمارے 50 فیصد سے زیادہ نئے چہرے اسمبلی میں آئے ہیں۔ جذبے سے عوامی مسائل کے لیے کام کریں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept