دہشتگردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں: آرمی چیف

دہشتگردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں: آرمی چیف

 

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

 

 

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 264 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، آرمی چیف نے متعدد دہشتگردانہ حملوں کو ناکام بنانے پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سراہا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بشام میں چینی شہریوں پر بزدلانہ حملے اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی، فورم کو افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی علاقائی اور عالمی سلامتی کیلئے خطرے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات بالخصوص سی پیک کیخلاف پراکسی کے طور پر کام کررہے ہیں۔

 

فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا، فورم نے عزم کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔

 

شرکاء فورم نے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم کی مذمت کی، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا، فورم نے کہا کہ فریقین نے فوری طور پر کشیدگی کو کم نہ کیا تو ایک وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔

 

فورم کے شرکاء نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کیلئے بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات ایک وطیرہ بن چکا ہے، بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔

 

شرکاء فورم نے کہا کہ ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا، شرکاء فورم نے پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم کیا، غیر قانونی سپیکٹرم، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کے خلاف تعاون فراہم کرنے کا عزم بھی کیا۔

 

آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنل تیاری اور مورال کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنائیں، تربیت کے اعلیٰ معیار کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت حاصل کریں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept