سابق چئیرمین پی سی بی شہریار خان کراچی میں سپردخاک

سابق چئیرمین پی سی بی شہریار خان کراچی میں سپردخاک

کراچی: پی سی بی کے سابق چئیرمین اور سابق سیکریٹری خارجہ شہر یارخان کو کراچی میں سپردخاک کردیا گیا۔

 

 

شہریار خان ہفتہ کو طویل علالت کے بعد لاہورمیں  89 برس کی عمرمیں انتقال کرگئے تھے، شہریارخان کی نماز جنازہ ان کی آبائی رہائش گاہ بھوپال ہاؤس ملیر سٹی میں ادا کی گئی جس میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سابق سیکریٹری خارجہ  نجم الدین شیخ، سابق ٹیسٹ کپتان وسیم باری، سرفراز احمد و دیگر نے شرکت کی۔

 

تدفین کے موقع پر ایم کیو ایم کی رہنما سابق ڈپٹی ناظم کراچی نسرین جلیل، رکن قومی اسمبلی  آسیہ اسحاق، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اور نواب گھرانوں کی شخصیات، سفارت کار و دیگر بھی موجود تھے تاہم  کوئی حکومتی فرد موجود نہ تھا اور نہ ہی اس  سطح پر کسی نے نمائندگی نہیں کی۔

شہریار خان کی قبرپر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق صدور نجم سیٹھی اور ذکا اشرف کی طرف سے بھی پھولوں کی  چادریں چڑھائی گئیں، دومرتبہ چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز رہنے والے  شہریار خان پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے ماہر تصور کیے جاتے تھے، نواب گھرانے سے تعلق رکھنے والے شہریار خان 29مارچ 1934ء کو لکھنؤ بھارت میں پیدا ہوئے۔

 

 

انگلینڈ میں اعلیٰ تعلیم پانے والے  شہر یار خان کے  خاندان  نے تقسیم ہند کے بعد پاکستان آ کر کراچی میں سکونت اختیار کی تھی، پاکستان کی وزارت خارجہ سے وابستہ شہر یار خان  معروف سفارت کار تصور کیے جاتے تھے، وہ  برطانیہ اور فرانس میں پاکستان کے سفیر بھی رہے۔

 

شہر یارخان  بھارتی ریاست بھوپال کے آخری حکمران نواب حمید اللہ خان کی سب سے بڑی صاحبزادی اور ریاست کی ولی عہد شہزادی عابدہ سلطان کے اکلوتے بیٹے تھے، شہزادی عابدہ سلطان بھی  برازیل میں سفیررہیں، شہر یارخان معروف بھارتی اداکار سیف علی خان کے والد اور بھارت کے سابق ٹیسٹ کپتان نواب منصور خان پٹودی کے کزن تھے۔ مرحوم  نے پسماندگان میں بیوہ اور 4 بچے چھوڑے ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept