انجم زمان اعوان کا بیان ذاتی رائے قرارجوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں

انجم زمان اعوان کا بیان ذاتی رائے قرارجوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں
انجم زمان اعوان صاحب کے حالیہ بیان کے حوالے سے یہ امر وضاحت سے بیان کیا جاتا ہے کہ مذکورہ بیان ان کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس کا جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کسی بھی عہدے، پلیٹ فارم، اسٹیج یا اجتماعی مؤقف سے کوئی تعلق نہیں۔ اس بیان کو کسی صورت کمیٹی کی نمائندگی یا سرکاری مؤقف کے طور پر نہ لیا جائے۔واضح رہے کہ انجم زمان اعوان صاحب نہ صرف جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر ہیں بلکہ وہ ایک سیاسی جماعت کے دیرینہ کارکن بھی ہیں اور اسی جماعت کے ٹکٹ پر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کے منتخب کونسلر کی حیثیت سے اپنی آئینی، جمہوری اور سیاسی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ اس پس منظر میں ان کی سیاسی وابستگی اور سرگرمیوں کو ذاتی حیثیت میں ہی دیکھا جانا چاہیے۔جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اس اصول پر یقین رکھتی ہے کہ اس کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کو ذاتی نظریات کے بلاواسطہ اور آزادانہ اظہار کا مکمل حق حاصل ہے۔ ہر فرد کو یہ آزادی حاصل ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں اپنے خیالات کا اظہار کرے، اپنی جماعتی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے سیاسی کردار ادا کرے اور جمہوری دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔کمیٹی کی پالیسی واضح ہے کہ کسی بھی فرد کے ذاتی بیانات کو تنظیم کے اجتماعی مؤقف سے منسوب نہیں کیا جا سکتا، جب تک وہ باقاعدہ طور پر کمیٹی کے پلیٹ فارم سے جاری نہ کیے جائیں۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اختلافِ رائے کو جمہوری عمل کا حصہ سمجھتی ہے اور قانون، آئین اور باہمی احترام کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر رکن کے حقِ اظہار کا احترام کرتی ہے۔



