اس پھل کو کھانے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

شہتوت معدے اور آنتوں کی صحت کیلئے مفید قرار
پولینڈ: ایک طبی تحقیق میں شہتوت کو معدے اور آنتوں کی صحت کیلئے مفید قرار دیا گیا ہے۔ تحقیق کے مطابق شہتوت میں موجود قدرتی مرکبات معدے میں موجود بیکٹیریا اور میٹابولزم پر مثبت اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔
وروتسواو میڈیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں شہتوت کے پھل اور پتوں میں موجود مرکبات کا جائزہ لیا گیا۔ محققین کے مطابق ان مرکبات سے معدے میں موجود بیکٹیریا کی سرگرمیوں میں تبدیلیاں دیکھی گئیں، جبکہ ایسے فیٹی ایسڈز کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا جو میٹابولزم پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
چوہوں پر کیے گئے تجربات میں زیادہ چکنائی والی غذا کے بعد شہتوت کے مرکبات فراہم کیے گئے، جس سے آنتوں کے بیکٹیریا میں نمایاں تبدیلیاں اور آنتوں کی صحت میں بہتری دیکھی گئی۔
محققین کا کہنا ہے کہ نتائج حوصلہ افزا ہیں، تاہم یہ تحقیق ابھی انسانوں پر نہیں کی گئی، اس لیے شہتوت کے صحت پر اثرات کی تصدیق کیلئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ تحقیق کے نتائج جرنل بائیومالیکیولز میں شائع ہوئے۔



