زندہ دفن کیے جانے والے بچے کی زندگی کو 24 گھنٹے بعد باہر نکال کر بچا لیا گیا

امریکا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں زمین میں دفن کیے گئے 11 ماہ کے بچے کو 24 گھنٹے بعد بحفاظت زندہ نکال لیا گیا۔ یہ واقعہ ریاست ساؤتھ کیرولائنا کی لیکسنگٹن کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق بچے کا 25 سالہ والد مائیکل کومر اسے ایک کریٹ میں رکھ کر زمین میں دبا گیا تھا۔ پولیس نے بچے کو تقریباً ایک فٹ گہری زمین سے باہر نکالا تو وہ رونے لگا، جسے اہلکاروں نے انتہائی خوشی کا لمحہ قرار دیا۔ بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت اب بہتر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق بچے کو تلاش کرنے کے لیے مختلف مقامات کی تلاشی اور ویڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا، تاہم کامیابی نہ مل سکی۔ بعد ازاں سرچ ٹیم نے ملزم کے والد کے گھر کے قریب درختوں کے درمیان تازہ کھودی گئی مٹی دیکھی۔ وہاں کھدائی کرنے پر بچے کے رونے کی آواز سنائی دی اور اسے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ پولیس کا اندازہ ہے کہ بچہ تقریباً 24 گھنٹے زمین کے اندر رہا، جبکہ کریٹ کے گرد لپٹے تولیوں کے باعث ممکنہ طور پر اندر ہوا برقرار رہی۔ بچے کے والد کو اس سے ایک رات قبل ڈکیتی اور گرفتاری میں مزاحمت کے الزامات میں حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ پولیس کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔



