وہ آسان ورزش جسے ہفتے میں ایک بار کرنے سے بلڈ پریشر کو کم رکھنے میں مدد ملتی ہے

ہفتے میں ایک بار اٹھک بیٹھک کی ورزش بھی بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار قرار
برطانیہ کی کینٹربری کرائسٹ چرچ یونیورسٹی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ہفتے میں ایک بار اٹھک بیٹھک یا اس سے ملتی جلتی ورزش کرنا بھی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں 100 افراد کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ نتائج کے مطابق ہفتے میں 3 بار ورزش کرنے والے افراد کے بلڈ پریشر میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی، جو 13.73 ایم ایم ایچ جی تک تھی، جبکہ ہفتے میں صرف ایک بار ورزش کرنے والے افراد میں بلڈ پریشر 6.95 ایم ایم ایچ جی تک کم ہوا۔
محققین کے مطابق اگرچہ ہفتے میں ایک بار ورزش بھی فائدہ مند ہوسکتی ہے، تاہم بلڈ پریشر کو بہتر طور پر کنٹرول میں رکھنے کے لیے باقاعدگی سے ورزش کرنا زیادہ مؤثر ہے۔ ورزش مکمل طور پر چھوڑنے کی صورت میں بلڈ پریشر دوبارہ بڑھ سکتا ہے۔
تحقیق کے نتائج طبی جریدے BMJ Open Sport & Exercise Medicine میں شائع ہوئے ہیں۔ تاہم ہائی بلڈ پریشر کے مریض ورزش یا علاج میں تبدیلی سے قبل اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔



