آزاد کشمیر کی قیادت کا پونچھ بحران کے فوری سیاسی حل کا مطالبہ راولاکوٹ میں انٹرنیٹ بحالی اور انتخابی عمل شروع کرنے پر زور آزاد کشمیر کی داخلی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال اور راولاکوٹ دھرنے کے معاملے پر کشمیر کی سیاسی قیادت کی اہم بیٹھک مجاہد منزل اسلام آباد میں سردار عتیق احمد خان کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین، سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، سابق وزیراعظم اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر سردار تنویر الیاس سمیت جماعت اسلامی کی جانب سے سردار خالد اور عبدالرشید ترابی نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور بالخصوص راولاکوٹ میں جاری دھرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سیاسی رہنماؤں نے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد اہم اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس میں سیاسی قیادت کے مؤقف اور آئندہ اقدامات سے متعلق تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔ مزید برآں، سیاسی قیادت کی کل صدر آزاد کشمیر سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور راولاکوٹ دھرنے سمیت اہم معاملات پر گفتگو کیے جانے کا امکان ہے۔


