ڈیبٹ کارڈ ختم، مستقبل قریب میں موبائل ہی بینک بنے گا؟

کیا مستقبل میں بینک کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ ختم ہوجائیں گے اور موبائل فون ہی بینک بن جائے گا؟

دنیا تیزی سے ایسے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے جہاں صارف کو مختلف ادائیگیوں کے لیے الگ الگ پلاسٹک کارڈ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے بجائے موبائل فون میں موجود ایک ڈیجیٹل کارڈ سے ڈیبٹ، کریڈٹ، پری پیڈ اور قسطوں سمیت مختلف طریقوں سے ادائیگی کی جاسکے گی۔

اس تصور پر مالیاتی اداروں نے عملی طور پر کام شروع کردیا ہے۔ ویزا نے Flexible Credential نامی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے ایک ہی ڈیجیٹل کریڈینشل کو مختلف فنڈنگ ذرائع سے منسلک کیا جاسکتا ہے۔ صارف ضرورت کے مطابق مختلف اکاؤنٹس یا ادائیگی کے ذرائع میں سے کسی ایک کو منتخب کرکے رقم خرچ کرسکتا ہے۔

ماسٹرکارڈ بھی اسی سمت میں One Credential کے ذریعے ڈیبٹ، کریڈٹ، پری پیڈ اور قسطوں سمیت مختلف ادائیگی کے ذرائع کو ایک ہی ڈیجیٹل کریڈینشل سے منسلک کرنے پر کام کررہا ہے۔

اگست 2026 میں عرب خطے میں بوٹم اور ماسٹرکارڈ نے اسی تصور پر مبنی آل اِن ون کارڈ متعارف کرایا، جس میں صارف پری پیڈ بیلنس، کریڈٹ اور قسطوں سمیت مختلف فنڈنگ ذرائع استعمال کرسکتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کے عام ہونے کی صورت میں مستقبل میں صارف کے موبائل فون میں موجود ایک ڈیجیٹل کارڈ ہی مختلف مالی ضروریات کے لیے استعمال ہوسکتا ہے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ پلاسٹک کارڈ فوری طور پر ختم ہوجائیں گے۔

یوں ممکنہ طور پر مستقبل کا بٹوا کم کارڈز اور زیادہ ڈیجیٹل ہوگا، جبکہ صارف موبائل ایپ کے ذریعے یہ طے کرسکے گا کہ ہر ادائیگی کس ذریعے سے کی جائے۔

مزید پڑہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button