بیلجیئم: پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کا ایگزوٹک سٹی کا دورہ

57 / 100

بیلجیئم: پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کا ایگزوٹک سٹی کا دورہ

 

یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات بہت اچھی اور دنیا میں ان کی مانگ ہے لیکن یہاں موجود کاروباری ادارے انہیں مزید بہتر کرنے میں بھی ان کی مدد کر سکتے ہیں۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لئیج میں واقع بیلجیئم اور اس کے ارد گرد ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی ترسیل کے بڑے ادارے ایگزوٹک سٹی کے دورے کے دوران کیا۔

 

اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے کمپنی کے مختلف حصوں اور وہاں موجود پاکستانی مصنوعات کا مشاہدہ کیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہمارے لوگ اپنی مسلسل محنت سے نہ صرف خود ترقی کر رہے ہیں بلکہ ان کے ذریعے پاکستانی مصنوعات بھی اپنی جگہ حاصل کر رہی ہیں۔

 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہاں موجود ڈائس پورہ کے کاروباری ادارے اپنے لوگوں کو یورپی اسٹینڈرڈز کے متعلق معلومات فراہم کر کے ان مصنوعات کو یورپین کنزیومرز کیلئے قابل قبول بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

 

قبل ازیں جب سفیر پاکستان ایگزوٹک سٹی پہنچیں تو ان کا استقبال کمپنی کے چیف ایگزیکٹو رانا جاوید کوثر اور ان کی ٹیم نے کیا۔ انہوں نے سفیر پاکستان کو سارے ادارے کا دورہ کروایا اور وہاں موجود مختلف پاکستانی مصنوعات اور ان کی ترسیل کے بارے میں بتایا۔

 

یاد رہے کہ رانا جاوید کوثر پاک بینیلکس اوور سیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر بھی ہیں۔ یہ ادارہ یورپ اور اس کے گردونواح میں پاکستانی مصنوعات کی ترقی کےلیے پاکستانی ڈائس پورہ میں موجود کاروباری اداروں کو پاکستانی مصنوعات کی طرف متوجہ کرتا رہتا ہے۔

 

اس موقع پر سفیر پاکستان کے ہمراہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ آفیسر رانا بلال خان، پریس قونصلر صغیر وٹو اور محمد عدیل بھی موجود تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept