دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں پائلٹس کی لڑائی ، طیارہ سعودی عرب اتار لیا گیا

دبئی سے تل ابیب جانے والے طیارے میں پائلٹس کے درمیان لڑائی، سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ
ریاض: دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں دورانِ پرواز دونوں پائلٹس کے درمیان مبینہ لڑائی کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر سعودی عرب کے شہر تبوک میں اتار لیا گیا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پرواز کے دوران کاک پٹ میں دونوں پائلٹس کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد صورتحال سنگین ہوگئی اور طیارے سے تقریباً 7 منٹ تک ایمرجنسی سگنل جاری ہوتے رہے۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد ممکنہ ہائی جیکنگ کے خدشات بھی پیدا ہوئے، جس پر اسرائیلی حکام نے سیکیورٹی ردعمل کے طور پر جنگی طیارے فضا میں بھیج دیے۔
طیارے کو بحفاظت تبوک میں اتارے جانے کے بعد واقعے کی وجوہات اور پائلٹس کے درمیان پیش آنے والی صورتحال کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔


