پیڑولیم لیوی کے معاملے پر 7 اکتوبر کے بعد اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے: امیر جماعت اسلامی

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی کے معاملے پر 7 اکتوبر کے بعد اگلے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کا پیٹرول ریلیف پیکج کوئی احسان نہیں بلکہ دباؤ میں آکر دیا گیا اقدام ہے۔ ان کے مطابق ملک میں لاکھوں موٹر سائیکل صارفین ہیں لیکن ریلیف پیکج سب کو نہیں مل رہا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے مسئلے کا مستقل حل پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کے بعد جماعت اسلامی اپنے احتجاج کے اگلے مرحلے کا اعلان کرے گی۔ جماعت اسلامی اس سے قبل بھی پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ اور احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے لیے الگ الگ نظام نہیں چل سکتا اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔
فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔



