کے پی کے عوام گورنر راج کے فیصلے پر خوش ہیں، طارق فضل چوہدری

خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے فیصلے پر عوام خوش ہیں، طارق فضل چوہدری
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے سے خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے میں ترقی نہ ہونے کے باعث عوام اس فیصلے کو سراہ رہے ہیں۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق صوبے میں کہیں بھی ایمرجنسی یا گورنر راج کے خلاف احتجاج نہیں ہوا۔ انہوں نے اپوزیشن کو چیلنج کیا کہ وہ اس فیصلے کو عدالت میں لے جائے اور اپنی آل پارٹیز کانفرنس میں حکومتی نمائندوں کو بھی مدعو کرے، جہاں تمام اعداد و شمار سامنے رکھے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی آئینی توثیق پارلیمان کرے گی۔ ان کے بقول یہ اقدام پاکستان تحریک انصاف کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث کرنا پڑا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاق نے دہشت گردی کے خلاف تعاون مانگا، لیکن پی ٹی آئی حکومت نے تعاون کرنے کے بجائے سیاسی سرگرمیوں کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت انسدادِ دہشت گردی کی وفاقی کوششوں میں رکاوٹ رہی، جس کے باعث ایمرجنسی کا فیصلہ کیا گیا۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان اور استحکام کے مقاصد حاصل ہونے تک ایمرجنسی برقرار رہے گی، تاہم سیاسی معاملات پر اپوزیشن سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے جائیں گے۔



