کے پی میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں، پشاور ہائیکورٹ کا اٹارنی جنرل کو نوٹس
پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عدالت سے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج معطل کرنے کی استدعا کی۔
بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک ہی دن ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا گیا اور ایڈوائزری کونسل تشکیل دی گئی، جبکہ 38 ڈپٹی کمشنرز تبدیل کیے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 12 ارکان قومی اسمبلی اور 13 ارکان صوبائی اسمبلی کو بھی اٹھایا گیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد اٹارنی جنرل کے دفتر کو نوٹس جاری کردیا۔



