واٹس ایپ اکاؤنٹ کے بغیر بھی اب دوستوں کی کالز کا حصہ بننا ممکن

واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف، اب بغیر اکاؤنٹ کے بھی کال میں شامل ہونا ممکن

واٹس ایپ نے کالنگ کی سہولت کو مزید آسان بناتے ہوئے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے ایسے افراد بھی کال میں شامل ہوسکیں گے جن کا واٹس ایپ پر اکاؤنٹ موجود نہیں۔

کمپنی کے مطابق صارفین اب کال لنک شیئر کرکے اپنے دوستوں، رشتہ داروں یا دیگر افراد کو انفرادی اور گروپ کالز میں مدعو کرسکتے ہیں۔ لنک موصول ہونے والے افراد کمپیوٹر کے ویب براؤزر کے ذریعے کال میں شامل ہوسکیں گے، جبکہ ایک کال میں بیک وقت 32 افراد شرکت کرسکتے ہیں۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والے افراد کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ ہاتھ اٹھانے، اسکرین شیئرنگ اور دیگر بنیادی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ یہ فیچر مفت ہوگا اور کال کے دورانیے پر کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔

کال لنک کیسے بنایا جائے؟

کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ ایپ میں کالز کے ٹیب پر جائیں اور پلس (+) کے آئیکون پر کلک کرکے لنک بنائیں۔ اس کے بعد لنک ان افراد کے ساتھ شیئر کریں جنہیں کال میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ لنک موصول کرنے والے افراد کمپیوٹر کے ویب براؤزر میں اسے کھول کر اپنا نام درج کرسکیں گے اور میزبان کی اجازت کے بعد کال میں شامل ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ضروری ہے، تاہم کال میں شامل ہونے والے ہر فرد کے لیے اکاؤنٹ ہونا لازمی نہیں۔ کمپنی مستقبل میں ان کال لنکس کو گوگل کیلنڈر اور مائیکروسافٹ آؤٹ لک کے ساتھ مربوط کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے، جس سے میٹنگز کا شیڈول بنانا مزید آسان ہوسکے گا۔

مزید پڑہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button