افسوس ہے جس ملک میں اسکواش کا راج ہوا کرتا تھا، آج اس کے کھلاڑی عالمی سطح پر بہت پیچھے ہیں: جہانگیر خان

جہانگیر خان کا اسکواش فیڈریشن پر تنقید، پاکستان میں کھیل کا ماضی واپس لانے کا مطالبہ
پاکستان کے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کو کھیل کی بہتری اور ملک کا شاندار ماضی واپس لانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ کراچی میں بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی درجہ بندی کے ابتدائی 25 کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، جو افسوس ناک ہے۔ انہوں نے اکیڈمیز قائم کرنے، نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دینے اور فیڈریشن میں احتساب کا نظام مضبوط بنانے پر زور دیا۔ جہانگیر خان کے مطابق صرف کوچز تبدیل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اسکواش کے سابق عظیم کھلاڑیوں کی مشاورت اور کھیل کو سمجھنے والے افراد کو ذمہ داریاں دینا بھی ضروری ہے۔



