علی امین گنڈاپور کا سلمان اکرم راجہ سے الزامات کے شواہد سامنے لانے کا مطالبہ

علی امین گنڈاپور کا سلمان اکرم راجہ کے بیان پر ردعمل، پارٹی میں اختلافات پر سوالات اٹھا دیے
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے حالیہ بیان کو افسوس ناک، غیر ذمہ دارانہ اور پارٹی کے داخلی اتحاد کے لیے نقصان دہ قرار دے دیا۔ اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ غیر جمہوری فیصلہ سازوں اور مبینہ گروپ کی سازش کے الزامات لگانے والے پہلے واضح کریں کہ وہ کون لوگ ہیں اور کن اراکین اسمبلی پر بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر صوبائی صدر یا آئندہ وزیراعلیٰ کا فیصلہ کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے گورنر راج کی راہ ہموار کی ہے تو اس کے شواہد سامنے لائے جائیں، جبکہ علی اصغر خان کو قائم مقام صدر مقرر کیے جانے کا دعویٰ ہے تو اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی پیش کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور نے سوال اٹھایا کہ اگر خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی مشاورت کے ذریعے موجودہ بحران کا آئینی اور سیاسی حل تلاش کرنا چاہتی ہے تو منتخب نمائندوں کو غدار، سازشی یا غیر جمہوری قرار دینے کا اختیار چند افراد کو کس نے دیا ہے؟



