ٹائیگر شروف فائرنگ کیس: ممبئی پولیس نے بالی وڈ ستاروں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی

بھارت میں بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے فلمی ستاروں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کی متعدد شخصیات کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے کے بعد پولیس نے مشہور اداکاروں کو عوامی مقامات پر جانے اور مداحوں سے میل جول کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملے سے قبل ملزم نے بالی وڈ کی متعدد معروف شخصیات کی رہائش گاہوں کے اطراف بھی نگرانی کی تھی۔ 21 اکتوبر کو ممبئی کرائم برانچ کے ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم نے امیتابھ بچن اور سلمان خان کی رہائش گاہوں کی بھی مبینہ طور پر ریکی کی تھی۔ واقعے کے بعد بھارتی فلمی صنعت میں معروف شخصیات کی سکیورٹی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔



