خیبر پختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت کا گورنرکو مزید اختیارات دینےکا فیصلہ

خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے گورنر کو مزید اختیارات دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایمرجنسی کے دوران گورنر کے اختیارات سے متعلق مجوزہ آرڈیننس صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے، جسے وزیراعظم کی ایڈوائس پر جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ آرڈیننس کے تحت ایمرجنسی کی صورتحال میں گورنر کو وسیع اختیارات حاصل ہوں گے، جبکہ صوبے کے 12 خصوصی اضلاع سے متعلق بھی اضافی اختیارات دیے جائیں گے۔ اسی آرڈیننس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ری شیڈول کیے جانے کی اطلاعات ہیں، کیونکہ حکومتی ذرائع کے مطابق اسمبلی اجلاس طلب ہونے کے بعد آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم مجوزہ آرڈیننس کی حتمی منظوری اور اس کی تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔



