فرانس کے واحد نیوکلیئر پاورڈ طیارہ بردار جہاز چارلس ڈی گال پر آگ بھڑک اٹھی

پیرس: فرانس کے واحد جوہری توانائی سے چلنے والے طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈی گال میں بحری اڈے پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر تقریباً ایک گھنٹے میں قابو پالیا گیا۔
فرانسیسی بحریہ کے مطابق آگ جہاز کے ایک ٹیکنیکل روم میں گیس کٹر کے ذریعے کٹنگ کے کام کے دوران لگی۔ واقعے میں کسی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جہاز کی جوہری تنصیبات متاثر نہیں ہوئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں بھی واقعے کو گیس کٹر سے ہونے والی کٹنگ کے دوران لگنے والی آگ قرار دیا گیا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق طیارہ بردار جہاز مشرق وسطیٰ میں تعیناتی کے بعد جولائی میں فرانس واپس پہنچا تھا اور اسے معمول کی دیکھ بھال کے لیے فوجی بندرگاہ لایا گیا تھا۔



