پیسوں کی بچت کرنا مشکل لگتا ہے؟ تو اس میں مددگار آسان طریقے جان لیں

پیسے بچانے اور مالی طور پر خودمختار بننے کے لیے صرف زیادہ آمدنی ضروری نہیں بلکہ روزمرہ زندگی میں اچھی مالی عادات اپنانا بھی اہم ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ اپنی آمدنی کا درست استعمال کریں اور غیر ضروری اخراجات پر قابو رکھیں تو وقت کے ساتھ اچھی خاصی بچت کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے سب سے پہلے بچت کی عادت اپنائیں اور اپنی آمدنی کا ایک مخصوص حصہ ہر ماہ الگ رکھیں۔ کوشش کریں کہ آمدنی کا 10 سے 15 فیصد حصہ مستقبل کی ضروریات اور ریٹائرمنٹ کے لیے محفوظ کیا جائے۔ اپنی ضروریات اور خواہشات میں فرق سمجھیں، غیر ضروری خریداری اور مہنگے شوق پر خرچ کرنے سے گریز کریں۔ اسی طرح روزمرہ کے چھوٹے اخراجات کا ریکارڈ رکھیں کیونکہ چائے، کافی اور دیگر معمولی خریداری بھی وقت کے ساتھ بڑا خرچہ بن سکتی ہے۔ خریداری سے پہلے مختلف دکانوں پر قیمتوں کا موازنہ کریں اور ایسی اشیا کو ترجیح دیں جو زیادہ عرصے تک استعمال ہو سکیں۔ ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ غیر ضروری آٹو پے ادائیگیوں پر نظر رکھیں اور ہر ماہ بینک اکاؤنٹ کی ٹرانزیکشنز چیک کریں۔ اس کے علاوہ اچانک پیش آنے والے اخراجات کے لیے اتنی رقم محفوظ رکھیں جو کم از کم تین سے چھ ماہ کے بنیادی اخراجات پورے کر سکے۔ اپنی آمدنی سے زیادہ خرچ نہ کریں، بچت کو خودکار بنائیں اور ہر ماہ ایک مقررہ رقم سیونگ اکاؤنٹ میں منتقل کریں۔ اگر ممکن ہو تو نئی مہارتیں سیکھ کر یا اضافی کام کے ذریعے آمدنی بڑھانے کی کوشش کریں۔ ماہرین کے مطابق بچت شروع کرنے کے لیے بڑی رقم ضروری نہیں، بلکہ ہر ہفتے تھوڑی سی رقم محفوظ کرنے کی عادت بھی وقت کے ساتھ مالی تحفظ کی بنیاد بن سکتی ہے۔

