افغان طالبان حکام نے قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز پر کرکٹ سے متعلق نشریات پر پابندی عائد کر دی
افغان طالبان حکام نے جنوبی صوبے قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز پر کرکٹ سے متعلق تمام نشریات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ریڈیو اسٹیشنز کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرکٹ میچز کی کمنٹری، خبروں کی کوریج اور میچز کے نتائج تک نشر نہیں کیے جا سکتے۔ دو مقامی ریڈیو اسٹیشنز کے سربراہان نے بھی حکام کی جانب سے موصول ہونے والی فون کالز کے ذریعے اس پابندی کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ طالبان حکومت ماضی میں کرکٹ کی حمایت کرتی رہی ہے اور مردوں اور لڑکوں کو یہ کھیل کھیلنے کی اجازت ہے، تاہم خواتین اور لڑکیوں کی کھیلوں میں شرکت پر پابندیاں عائد ہیں۔ دوسری جانب افغانستان کی کرکٹ ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔


