چین میں پہلی بار 8 ٹیموں پر مشتمل فرنچائز کرکٹ لیگ کا انعقاد، پہلا ایڈیشن مئی 2027 میں ہوگا!

چین میں پہلی بار فرنچائز بیسڈ ٹی 20 لیجنڈز لیگ کی تیاریاں، پہلا ایڈیشن مئی 2027 میں ہوگا
شنگھائی: چین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پہلی بار آٹھ ٹیموں پر مشتمل فرنچائز بیسڈ ٹی 20 لیجنڈز کرکٹ لیگ متعارف کرانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ (ڈبلیو سی سی) اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے اشتراک سے منعقد ہونے والی لیگ کا پہلا ایڈیشن مئی 2027 میں شیڈول ہے، جس میں عالمی کرکٹ کے نامور سابق انٹرنیشنل کھلاڑی شرکت کریں گے۔
اس منصوبے کو چین میں کرکٹ کی ترقی اور نئے شائقین تک کھیل کی رسائی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اکتوبر 2026 میں ڈبلیو سی سی اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت لیگ کے انعقاد کی بنیاد رکھی گئی۔
ڈبلیو سی سی کے چیئرمین پروین شرما کے مطابق چین کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے اور مقامی حکام کے تعاون سے عالمی معیار کے مقابلوں کے ذریعے نوجوان نسل کو اس کھیل کی طرف راغب کیا جائے گا۔ ڈبلیو سی سی کے بانی امن دیپ سنگھ نے بھی چین میں لیگ کے انعقاد کو اپنے دیرینہ منصوبے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔
ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے چیئرمین یونگ ہوئی ٹونگ کا کہنا ہے کہ اس شراکت داری کا مقصد چین کو بڑے عالمی کھیلوں کے مقابلوں کا مرکز بنانا اور شاشی ٹاؤن کرکٹ سینٹر کو ملک میں کرکٹ کا نمایاں مرکز بنانا ہے۔
مجوزہ لیگ میں سابق عالمی کرکٹرز کی شرکت سے چینی شائقین کو بڑے اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا، جبکہ مقامی نوجوان کھلاڑی بھی تجربہ کار بین الاقوامی کرکٹرز سے سیکھ سکیں گے۔ فرنچائز ماڈل کے تحت نجی سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری فنڈز کے لیے بھی ٹیموں کی ملکیت اور تجارتی شراکت داری کے مواقع پیدا ہوں گے۔
واضح رہے کہ کرکٹ کو لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں شامل کیے جانے کے بعد چین سمیت نئی عالمی مارکیٹوں میں اس کھیل کے فروغ کے امکانات مزید روشن ہوئے ہیں۔


