مذاکرات کیلئے مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کا کوئی علم نہیں ؛شوکت یوسفزئی

ایمرجنسی یا گورنر راج مسائل کا حل نہیں، مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، شوکت یوسفزئی
پشاور: پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ایمرجنسی یا گورنر راج مسائل کا حل نہیں، وفاقی حکومت ضد اور انا چھوڑ کر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ثالثی سے متعلق انہیں علم نہیں، تاہم وہ ثالثی کے لیے آگے آتے ہیں تو پی ٹی آئی ان کا خیرمقدم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، موجودہ سیاسی کشیدگی میں ثالثی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے پر عملدرآمد کرے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزرا کے بیانات اور دھمکیوں سے سیاسی ماحول خراب ہوا ہے، جبکہ عوامی مینڈیٹ کا احترام اور طاقت کے استعمال سے گریز ضروری ہے۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت کی غلط فہمی 11 اکتوبر کو دور ہو جائے گی۔



