کولمبیا نے اسرائیل کیلئے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے سفارتخانے کا افتتاح کردیا

کولمبیا کا مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی سفارت خانہ کھولنے کا اعلان، فلسطینی اتھارٹی کی شدید مذمت
یروشلم: کولمبیا نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے لیے اپنا سفارت خانہ کھول دیا ہے، جس کے بعد شہر کی متنازع حیثیت اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے نئی سفارتی بحث شروع ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولمبیا کا یہ اقدام ان ممالک کی پالیسی سے مطابقت رکھتا ہے جو بیت المقدس پر اسرائیلی خودمختاری کی حمایت کرتے ہیں۔ دنیا کے بیشتر ممالک نے اپنے سفارت خانے تل ابیب میں قائم کر رکھے ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک بیت المقدس کی حتمی حیثیت کا فیصلہ اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کے ساتھ ہونا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ گدعون صاعر نے سفارت خانے کی مہمانوں کی کتاب میں دستخط کرتے ہوئے اس دن کو اسرائیل اور بیت المقدس کے لیے اہم قرار دیا۔
کولمبیا کے نئے صدر ابیلارڈو ڈی لا ایسپریلا نے جولائی میں سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ سابق صدر گستاوو پیٹرو کی پالیسی سے مختلف ہے، جنہوں نے 2024 میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاجاً اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔
دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی نے کولمبیا کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنا بین الاقوامی قراردادوں اور شہر کی قانونی حیثیت سے متعلق عالمی اتفاق رائے کے خلاف ہے، جبکہ اس سے فلسطینی عوام کے حقوق بھی متاثر ہوتے ہیں۔
بیت المقدس کی حیثیت اسرائیل فلسطین تنازع کا ایک اہم اور حساس معاملہ ہے، جس پر عالمی سطح پر مختلف مؤقف پائے جاتے ہیں۔



