کھلے مصالحہ جات کی فروخت پر پابندی عائد، نیا نوٹیفیکیشن جاری

بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں کھلے اور بغیر پیکنگ کے مصالحہ جات کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے خوراک میں ملاوٹ اور غیر محفوظ طریقوں سے مصالحوں کی تیاری کی روک تھام کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ فوڈ سیفٹی کمشنر توکارم منڈے کی جانب سے جاری ہدایات کے تحت مصالحہ جات بنانے والی کمپنیوں، ہول سیلرز، دکانداروں، آن لائن فروخت کرنے والے پلیٹ فارمز اور کمرشل کچنز کو قواعد پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق متعلقہ کاروباری اداروں کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے ضوابط کے مطابق اپنے امور یقینی بنانا ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ مصالحوں سے محفوظ رکھنا اور خوراک کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔



