دنیا کے مشہور کالج میں لیپ ٹاپ کی جگہ قلم اور کاغذ کی واپسی، حیران کن وجہ جانیے

برطانیہ کے معروف تعلیمی ادارے ونچسٹر کالج نے کلاس رومز میں لیپ ٹاپ کا استعمال محدود کرتے ہوئے روایتی طریقہ تدریس یعنی قلم اور کاغذ کو دوبارہ بحال کردیا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کالج انتظامیہ نے کلاسوں میں اسکرین کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ طلبہ کی توجہ پڑھائی پر مرکوز رکھی جاسکے۔ کالج کی سربراہ الزبتھ اسٹون کا کہنا ہے کہ اسکرین کے استعمال سے طلبہ کی پڑھائی میں خلل پڑ رہا تھا اور لیپ ٹاپ ان کی توجہ بھٹکانے کا سبب بن رہے تھے۔ اسی لیے روایتی طریقہ تدریس کی طرف واپس آنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اب کلاس رومز میں لیپ ٹاپ صرف اسی صورت میں استعمال کیے جائیں گے جب ان کا تعلیمی فائدہ واضح ہو۔ اس فیصلے کے بعد تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی اور روایتی تدریسی طریقوں کے استعمال سے متعلق بحث ایک بار پھر توجہ حاصل کر رہی ہے۔



