کراچی: ناتھاخان تا پہلوان گوٹھ سڑک کی تعمیرکے دوران ریلوے پولیس اور کے ایم سی میں جھگڑا

کراچی میں شاہراہ فیصل پر ناتھا خان پل کے قریب چکور نالے کی سڑک کی استرکاری کے دوران ریلوے پولیس اور کے ایم سی سٹی وارڈنز کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ واقعے کے بعد ڈائریکٹر سٹی وارڈنز کی جانب سے ریلوے پولیس اہلکاروں کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرادیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق مقدمے کے مدعی صائم عمران کا کہنا ہے کہ وہ ناتھا خان سے پہلوان گوٹھ تک سڑک کی تعمیر کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔ ان کے مطابق کینٹ اسٹیشن کے ایس ایچ او احسن رشید پولیس اہلکاروں کے ہمراہ وہاں پہنچے، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
مدعی نے الزام عائد کیا کہ انہیں پاؤں پکڑنے اور جوتا چاٹنے پر مجبور کیا گیا، انکار پر تشدد کیا گیا جس سے وہ بے ہوش ہوگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ہوش آیا تو وہ عباسی شہید اسپتال میں موجود تھے۔ واقعے سے متعلق یہ تفصیلات مقدمے کے مدعی کے الزامات پر مبنی ہیں۔



