پاکستان نے تائیوان کی ائیر لائنز کیلئے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا

پاکستان نے تائیوان کی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے پروازوں کو دوبارہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تائیوان کی دو بڑی ایئرلائنز، ایوا ایئرویز کارپوریشن اور چائنا ایئرلائنز لمیٹڈ کو 28 اکتوبر سے 27 مارچ تک پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی ایوی ایشن ڈویژن ون چائنا پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت صرف مین لینڈ چین کی ایئرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں تائیوانی ایئرلائنز نے 25 اکتوبر سے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال روک کر اپنے پروازوں کے راستے تبدیل کرنا شروع کر دیے تھے۔ اس کے نتیجے میں ایشیا اور یورپ کے درمیان بعض پروازوں کو روسی فضائی حدود استعمال کرنا پڑیں۔
پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کے بجائے طویل متبادل راستے اختیار کرنے سے پروازوں کے دورانیے اور جیٹ فیول کے اخراجات میں اضافہ ہوا، جس سے ایئرلائنز پر اضافی مالی دباؤ پڑنے کا خدشہ تھا۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود تائیوانی ایئرلائنز کے لیے ایشیا اور یورپ کے درمیان پروازوں کا ایک اہم راستہ ہیں۔ نئے فیصلے کے بعد ان ایئرلائنز کو مقررہ مدت کے دوران پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔



