بجلی تقسیم کار کمپنیاں کرپٹ ترین ادارے، ایف بی آرکا دوسرا نمبر، کرپشن خطرات سے متعلق جائزہ رپورٹ

وفاقی حکومت نے کرپشن کے خطرات سے متعلق قومی جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ملک کے سب سے زیادہ کرپشن رسک والے اداروں میں پہلے نمبر پر قرار پائی ہیں، جبکہ ایف بی آر دوسرے اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی یعنی سی ڈی اے تیسرے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق کسی بھی ادارے کو انتہائی زیادہ یا غیر معمولی طور پر زیادہ خطرے کی کیٹیگری میں شامل نہیں کیا گیا، تاہم 61.1 اسکور کے ساتھ صرف بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ہائی رسک بینڈ میں آئیں۔ رپورٹ میں 56 ادارہ جاتی، 10 گورننس اور 18 ریگولیٹری ٹائپالوجیز کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ رسک والے 10 اداروں کی فہرست میں ایف بی آر 54.4 اسکور کے ساتھ دوسرے، سی ڈی اے 49.5 کے ساتھ تیسرے، پاسکو 47.1 کے ساتھ چوتھے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی 43.4 اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ اسی طرح پاکستان ریلوے چھٹے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ساتویں، پاکستان پوسٹ آٹھویں، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نویں جبکہ ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ دسویں نمبر پر رہا۔



