لاہور : مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس تعینات نقل و حرکت محدود کر نیکی ہدایت

مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت محدود، قیام گاہ کے باہر پولیس تعینات، لاہور ہائیکورٹ میں بازیابی کی درخواست دائر
لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں قیام گاہ کے باہر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی جبکہ ان کی نقل و حرکت محدود کیے جانے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور انہیں نقل و حرکت محدود رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کو گھر میں نظربند کیے جانے کے معاملے پر ان کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست جے یو آئی کے کارکن ابرار حسین ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کی ناکہ بندی کرکے ان کی نقل و حرکت محدود کردی ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی بازیابی اور نقل و حرکت بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔



