یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے: پاکستانی خلا باز ذیشان علی

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ خلائی مشن پاکستان اور چین کا آخری مشترکہ مشن نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں بھی ایسے مشن جاری رہیں گے۔ مشن کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان علی نے کہا کہ خلا میں جانے کا موقع ملنا نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے انہیں بہترین تربیت فراہم کی جبکہ چینی خلا بازوں کے ساتھ دوستی اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی بھی قائم ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور چینی عملے نے گزشتہ عرصے کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کی بھرپور تیاری کی ہے۔ ذیشان علی نے پاکستان اور چین کی دوستی کو سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مشترکہ خلائی مشن ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انہیں کہا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان خلا میں جا رہا ہے اور ملک کی نمائندگی کا اعزاز ان کے حصے میں آیا ہے۔



