پاکستان کیخلاف دبئی ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے بال ٹیمپرنگ پلان کا انکشاف

آسٹریلوی کرکٹ کا بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا، کیپ ٹاؤن اسکینڈل کے صرف چھ ماہ بعد ایک اور مبینہ کوشش کا انکشاف سامنے آگیا۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2018 میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں نے منٹس کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی مبینہ تجویز پر آپس میں مشاورت کی تھی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کے درمیان گیند پر منٹس استعمال کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی، تاہم ٹیم کے ایک نئے کھلاڑی نے اس مبینہ منصوبے پر اعتراض کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا ہم دوبارہ وہی حرکت کرنے جا رہے ہیں؟

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دبئی ٹیسٹ کے دوران ایک متبادل فیلڈر کو مبینہ طور پر منٹس لینے کے لیے ڈریسنگ روم بھیجا گیا، تاہم آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے مداخلت کرتے ہوئے اسے واپس بھیج دیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سابق آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر کھلاڑیوں کے اس مبینہ اقدام پر شدید برہم ہوئے اور انہیں سخت پیغام دیا۔ دوسری جانب ٹم پین نے سپورٹ اسٹاف کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی کپتانی میں منٹس کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں سینڈ پیپر اسکینڈل سامنے آیا تھا، جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو شدید تنقید اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس واقعے کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے میدان میں ٹافیاں لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔

نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر اسکینڈل کے علاوہ بھی بال ٹیمپرنگ کے مبینہ واقعات اور کوششوں کی روایت موجود رہی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اکتوبر 2018 میں دبئی میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔

مزید پڑہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button