ادب کا نوبیل انعام کینیڈا سے تعلق رکھنے والی این کارسن کے نام

ادب کا نوبیل انعام 2026 کینیڈا سے تعلق رکھنے والی معروف شاعرہ، مضمون نگار اور مترجم این کارسن نے جیت لیا۔ سوئیڈش اکیڈمی نے جمعرات کو ان کے نام کا اعلان کرتے ہوئے ان کے منفرد اور تخلیقی ادبی کام کو سراہا۔
نوبیل کمیٹی کے مطابق این کارسن نے قدیم ادبی روایات سے تخلیقی مکالمے کے ذریعے عصری ادب کے لیے نئی اصناف اور اظہار کے منفرد انداز متعارف کرائے ہیں۔ ان کی تحریروں میں قدیم یونانی اور رومی ادب کے موضوعات کو شاعری، مضامین، نثر اور فکشن کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پیدا ہونے والی این کارسن اپنی تجرباتی اور منفرد طرزِ تحریر کے باعث ادبی دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ ان کی معروف کتابوں میں Eros the Bittersweet، Autobiography of Red اور Men in the Off Hours شامل ہیں۔
اس اعزاز کے ساتھ این کارسن کو 1 کروڑ 20 لاکھ سوئیڈش کرونا کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔ گزشتہ برس ادب کا نوبیل انعام ہنگری کے مصنف لازلو کرسزناہورکائی نے حاصل کیا تھا۔
رواں ہفتے طب، فزکس اور کیمسٹری کے نوبیل انعامات کے اعلانات کے بعد ادب کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ نوبیل امن انعام کا اعلان 9 اکتوبر اور معاشیات کے انعام کا اعلان 12 اکتوبر کو متوقع ہے۔



