کراچی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک نے گیس کی عدم فراہمی کو وجہ قرار دیدیا

کراچی میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ 16 گھنٹے سے تجاوز
کراچی: کے الیکٹرک نے شہر میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹ کو قرار دے دیا، جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔
لیاری، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، قائدآباد، نیو کراچی اور دیگر علاقوں کے شہری طویل لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود انہیں لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ کمپنی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ عالمی سطح پر سپلائی میں خلل اور کارگوز کی تاخیر کے باعث ملک بھر میں آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس سے بجلی کی پیداوار پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔
کے الیکٹرک انتظامیہ کے مطابق ضرورت پڑنے پر شام یا رات کے پیک آورز میں آخری چارے کے طور پر لوڈ مینجمنٹ کی جا سکتی ہے، تاہم دن کے اوقات میں بجلی کی فراہمی مستحکم رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔



