ملک بھر کے بجلی صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا بھاری بوجھ منتقل کیے جانے کا خدشہ

ملک بھر کے بجلی صارفین پر دسمبر میں اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ، سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کے تحت بجلی کی قیمت میں 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا تخمینہ سامنے آگیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں انہیں صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ اس وقت صارفین 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ایڈجسٹمنٹس ادا کر رہے ہیں، تاہم دسمبر میں یہ بوجھ مزید ایک روپے 33 پیسے فی یونٹ بڑھنے کا امکان ہے۔ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ایک روپے 34 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں دائر کر رکھی ہے، جبکہ اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔ دوسری جانب حکومت کی کوشش ہے کہ صارفین پر کم سے کم اضافی بوجھ منتقل کیا جائے۔



