سسٹم تباہ نہیں ہوا اسے تباہ کرایا گیا، ہمیں غیر سیاسی نہیں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا نظام تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا ہے، اب اس کی بحالی کے لیے سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاسی ری سیٹ کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے اور اپوزیشن کا پارلیمان پر اعتماد بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا اور حکومت کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے چاہئیں، اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے تیار ہو تو گورنر راج ختم کیا جا سکتا ہے۔ بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا تمام اداروں پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے، جبکہ میڈیا اور پارلیمان ملک کے اہم ترین ادارے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کی کمزوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو بغیر کسی خوف کے سچ بولنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے، مہنگائی میں اضافے سے عوام کے لیے گزارا مشکل ہو رہا ہے اور وہ غریب و پسماندہ طبقے کے مستقبل کے حوالے سے فکرمند ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست دان عوامی مسائل کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں، جبکہ کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی سنجیدہ کوششیں نظر نہیں آ رہیں۔



