خریدتے وقت تازہ اور اچھی کوالٹی کے انڈوں کی پہچان کیسے کی جائے؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ خریدتے وقت تازہ اور اچھی کوالٹی کے انڈوں کی پہچان کیسے کی جا سکتی ہے؟
ماہرین کے مطابق انڈے کی تازگی جانچنے کے لیے سب سے پہلے اس کے چھلکے کو دیکھیں۔ تازہ انڈے کا چھلکا عموماً سالم اور صاف ہوتا ہے، جبکہ ٹوٹے، چٹخے یا دبے ہوئے انڈوں سے احتیاط کرنی چاہیے۔
انڈے کو ہلکا سا ہلانے سے بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ تازہ انڈہ عموماً ٹھوس محسوس ہوتا ہے اور اس کے اندر زیادہ حرکت محسوس نہیں ہوتی، جبکہ پرانے انڈے میں زردی اور سفیدی ڈھیلی ہونے کے باعث حرکت یا ہلکی آواز محسوس ہوسکتی ہے۔
انڈے کی تازگی جانچنے کا ایک اہم طریقہ اسے سونگھنا بھی ہے۔ تازہ انڈے میں عام طور پر کوئی ناگوار بو نہیں ہوتی، لیکن اگر خول سے تیز، عجیب یا خراب بو آرہی ہو تو ایسا انڈہ استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
اسی طرح اگر انڈے کے چھلکے پر غیر معمولی دھبے یا پھپھوندی نظر آئے تو اسے ہرگز استعمال نہ کریں۔
ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ انڈے ہمیشہ صاف ستھری اور معیاری جگہ سے خریدیں اور انہیں مناسب طریقے سے محفوظ کریں، تاکہ صحت کے خطرات سے بچا جا سکے۔



