‘خاندان سے رشتہ ختم نہیں کرنا چاہتا’، اہلیہ سے طلاق کی افواہوں پر معمر رانا نے خاموشی توڑ دی

معمر رانا اہلیہ سے علیحدگی کی افواہوں پر جذباتی، رشتہ ختم نہ ہونے کی خواہش کا اظہار
پاکستانی فلمی اداکار معمر رانا اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں پر گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور خواہش ظاہر کی کہ ان کا ازدواجی رشتہ ختم نہ ہو بلکہ معاملات میں صلح ہو جائے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے معمر رانا نے انکشاف کیا کہ اہلیہ سے علیحدگی کا معاملہ عدالت تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے عدالت میں کچھ دستاویزات پر دستخط کیے تھے، تاہم انہیں معلوم نہیں کہ وہ کون سے کاغذات تھے۔
اداکار سے جب زندگی کے مشکل وقت میں ساتھ دینے والے رشتوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اپنے والد، بھائی اور بھابھی کی حمایت کا ذکر کیا، تاہم کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کی اہلیہ اور بیٹیاں ان کے ساتھ نہیں تھیں۔
اس موقع پر معمر رانا جذباتی ہوگئے اور کہا کہ وہ اپنے خاندان سے بہت محبت کرتے ہیں اور نہیں چاہتے کہ یہ رشتہ ختم ہو۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عزت کا خیال رکھا جائے اور وہ اس معاملے پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے۔
خلع کے کاغذات سے متعلق سوال پر بھی اداکار نے یہی مؤقف دہرایا کہ انہوں نے عدالت میں دستاویزات پر دستخط کیے تھے، لیکن انہیں معلوم نہیں کہ وہ دراصل کون سے کاغذات تھے۔
معمر رانا نے اہلیہ اور بیٹیوں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے خاندان سے تعلق ختم نہیں کرنا چاہتے اور چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ ختم ہو جائے۔



