یورپ میں جان لیوا وائرس کا پھیلاؤ، مزید ہلاکتیں رپورٹ

یورپ میں ویسٹ نائل وائرس کا پھیلاو تیزی سے جاری ہے، 2026 کے دوران اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1,855 جبکہ ہلاکتیں 141 تک پہنچ گئی ہیں۔ یورپی فوڈ سیفٹی اتھارٹی اور یورپی سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک یورپ کے 18 ممالک میں وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ستمبر میں جاری ہونے والی گزشتہ رپورٹ کے بعد مزید 769 کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ انسانوں اور جانوروں میں وائرس کے پھیلاو نے سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یورپی یونین اور یورپی اکنامک ایریا میں کیسز کی تعداد 1,715 ہوچکی ہے، جو گزشتہ دس برس کے اوسط 693 کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔ اٹلی 748 کیسز کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جبکہ یونان میں 445 اور فرانس میں 144 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ویسٹ نائل وائرس بنیادی طور پر متاثرہ مچھروں کے کاٹنے سے انسانوں اور جانوروں میں منتقل ہوتا ہے۔ صحت کے ماہرین کے مطابق اس وائرس سے بچاؤ کے لیے مچھروں کے کاٹنے سے محفوظ رہنا اور ان کی افزائش روکنے کے اقدامات اہم ہیں۔


