پشاور: اسکول کی بنیاد ڈیڑھ سال پہلے رکھی، بارشوں کی وجہ سے حادثہ پیش آیا: نجی اسکول مالک کا بیان

پشاور اسکول حادثہ: مالک نے بارشوں کو وجہ قرار دے دیا، محکمہ تعلیم نے عمارت مخدوش ہونے کا انکشاف کردیا

پشاور: نجی اسکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے پر اسکول کے مالک خان محمد کا کہنا ہے کہ کئی روز سے جاری بارشوں کے باعث حادثہ پیش آیا، جبکہ سیکرٹری ایجوکیشن نے عمارت کی حالت مخدوش ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

اسکول کے مالک خان محمد کے مطابق اسکول کی بنیاد ڈیڑھ سال قبل رکھی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی صبح وہ خود متاثرہ کلاس روم میں گئے تھے۔ حادثہ پیش آنے کے بعد تمام اساتذہ کو بلا کر بچوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمارت کی دوسری منزل پر صرف ایک کمرہ گرا، جس کے نتیجے میں نیچے موجود کمرے بھی متاثر ہوئے۔ مالک کے مطابق متاثرہ کلاس میں تقریباً 30 بچے زیرِ تعلیم تھے، جبکہ پورے اسکول میں طلبہ کی مجموعی تعداد 350 تھی۔

دوسری جانب سیکرٹری ایجوکیشن عنایت اللہ وسیم نے کہا ہے کہ اسکول کی عمارت مخدوش حالت میں تھی، تاہم محکمہ تعلیم کو عمارت کی خراب حالت کے بارے میں کسی نے آگاہ نہیں کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ بھی کیا جائے گا تاکہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

سیکرٹری ایجوکیشن کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہوگا۔

مزید پڑہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button