جیسے بھارت کیلئے ایران سے تعلقات ضروری ہیں ویسے ہی امریکا کو پاکستان سے تعلقات کی ضرورت ہے: مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جس طرح بھارت کے لیے ایران کے ساتھ تعلقات اہم ہیں، اسی طرح امریکا کے لیے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ضروری ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا دنیا میں کہیں بھی ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ہے اور دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والوں کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ تعلقات امریکا کے لیے اہم ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت سے امریکا کو مدد مل سکتی ہے اور ان تعلقات کے ذریعے بھارت کے خدشات دور کرنے میں بھی کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔



