سندھ اسمبلی نے سندھ میں نئے صوبےکے معاملے پر فل اسٹاپ لگادیا ہے، بلاول

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 28ویں آئینی ترمیم پر وفاق سے کسی قسم کی مشاورت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی نئے صوبے کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کر چکی ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے عوام اور منتخب نمائندے اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں، سندھ کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف سندھ کے عوام کو ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی پر توجہ نہیں دی جا رہی اور وفاقی کابینہ میں شامل شہر کے نمائندوں نے بھی کوئی قابلِ ذکر کام نہیں کیا۔ ان کے مطابق وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں تو کراچی کے عوام کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ بجلی کے بھاری بلوں نے بھی شہریوں پر بوجھ بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت لیاری کے عوام کو شمسی توانائی فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ بجلی کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔



