سمندری طوفان کی تشکیل کے باعث کراچی میں درجہ حرارت بڑھنے لگا

کراچی میں نومبر کا نصف مہینہ گزرنے کے باوجود موسم میں ٹھنڈک آنے کے بجائے درجہ حرارت میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی کی توقع تھی، تاہم خلیج بنگال میں سمندری طوفان کی تشکیل کے باعث خنک ہواؤں کی شدت کم ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’اکوان‘ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں، جبکہ 20 نومبر کو اس طوفان کے بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران دن کا درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ رات کا درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔



