ٹرمپ انتظامیہ کا گرین کارڈ پروگرام پر نئی پابندیاں عائدکرنےکا منصوبہ

امریکی محکمہ محنت نے گرین کارڈ کے ایک اہم پروگرام پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے، جسے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے قانونی امیگریشن محدود کرنے کی ایک اور کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مجوزہ پابندیاں ’پرمننٹ لیبر سرٹیفکیشن پروگرام‘ یعنی پی ای آر ایم کے تحت آنے والے غیر ملکی کارکنوں پر لاگو ہوں گی، جس کے ذریعے اعلیٰ مہارت رکھنے والے غیر ملکی ملازمین ملازمت کی بنیاد پر امریکا میں مستقل رہائش حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت کمپنیوں کو ثابت کرنا ہوتا ہے کہ متعلقہ ملازمت کے لیے مناسب اہلیت رکھنے والے امریکی کارکن دستیاب نہیں اور غیر ملکی ملازم کی بھرتی سے امریکی شہریوں کی تنخواہوں یا کام کے حالات متاثر نہیں ہوں گے۔ مجوزہ تبدیلیوں کے تحت آجروں کے لیے یہ شرائط پوری کرنا مزید مشکل ہو جائے گا، جبکہ نرسوں اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل سائنس دانوں سمیت بعض ایسے شعبوں کو بھی نئی شرائط کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جنہیں پہلے استثنیٰ حاصل تھا۔ خبر ایجنسی کے مطابق اکتوبر میں امریکی حکومت نے ایڈوب، مائیکروسافٹ اور بعض دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی اس پروگرام کے استعمال سے روک دیا تھا۔ امریکی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ نئی پابندیوں کا مقصد ملازمتوں میں امریکی شہریوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنا اور انہیں غیر ملکی کارکنوں پر ترجیح دینا ہے۔ مجوزہ قواعد کے تحت گرین کارڈ کے لیے غیر ملکی ملازمین کی سرپرستی کرنے والی کمپنیوں کو امریکی شہریوں کی بھرتی کے لیے مزید کوششیں کرنا ہوں گی اور ملازمتوں کے اشتہارات کے لیے جدید الیکٹرانک ذرائع استعمال کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔



