وزیراعظم کا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، پی ٹی آئی لانگ مارچ اور سیاسی صورتحال پر گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوا میں جاری پی ٹی آئی لانگ مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے یہ رابطہ اپنی زیر صدارت اجلاس کے بعد رات گئے کیا۔ گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی سیاسی خدمات اور مفاہمانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے معاملات کو سیاسی انداز میں حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق سیاسی استحکام ملک کی ضرورت ہے اور حکومت نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن کو معاملات سلجھانے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اپوزیشن کو وفاق پر چڑھائی سے گریز کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے ٹیلیفونک رابطے سے قبل حکومتی کمیٹی نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی، جس میں جے یو آئی سربراہ نے مذاکراتی تعطل ختم کرانے اور سیاسی تنازعات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔



