خیبرپختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم متعارف کرنےکا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ نے ڈرائیونگ لائسنس ہولڈرز کے لیے مجوزہ نظام کا مسودہ تیار کر لیا ہے، جس کے مطابق دو سال کے دوران 10 ڈی میرٹ پوائنٹس ہونے پر ڈرائیور کو وارننگ جاری کی جائے گی، جبکہ 20 پوائنٹس مکمل ہونے پر اس کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔ مسودے کے مطابق ٹریفک حادثے میں کسی شخص کی ہلاکت پر 15 اور زخمی ہونے پر 10 پوائنٹس کاٹے جائیں گے، جبکہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر 8 اور ریڈ سگنل کی خلاف ورزی پر 6 پوائنٹس کم ہوں گے۔ اسی طرح لاپرواہی سے ڈرائیونگ، غلط یوٹرن لینے اور ون وے کی خلاف ورزی پر بھی 2 سے 6 پوائنٹس تک کاٹے جائیں گے۔ مجوزہ نظام کے تحت تمام خلاف ورزیوں کا ریکارڈ خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے ڈرائیونگ لائسنس سافٹ ویئر میں محفوظ کیا جائے گا۔



