سان فرانسسکو کی سپر انٹیلی جنس کمپنی میں خفیہ آلہ نصب کرنے پر 35 سالہ سعودی شہری گرفتار

امریکا میں سپر انٹیلی جنس کمپنی میں خفیہ ریکارڈنگ کی کوشش، سعودی شہری گرفتار

امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ایک معروف مصنوعی ذہانت کمپنی کے ایگزیکٹو کانفرنس روم میں خفیہ آڈیو ریکارڈنگ ڈیوائس نصب کرنے کے الزام میں سعودی شہری عبدالرحمن الفوزان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق 35 سالہ عبدالرحمن الفوزان پر الزام ہے کہ اس نے کمپنی کے ایگزیکٹو کانفرنس روم میں ایک آڈیو ریکارڈنگ ڈیوائس چھپائی تاکہ وہاں ہونے والی گفتگو خفیہ طور پر ریکارڈ کی جاسکے۔ حکام کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اس کارروائی کا مقصد کیا تھا اور آیا اس کے ذریعے کسی حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جن سے ثابت ہو کہ ملزم نے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کی یا اسے چوری کیا۔ تاہم خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائس کی موجودگی نے کمپنی کی اندرونی سکیورٹی اور حساس معلومات کے تحفظ سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب میں بھی سکیورٹی سے متعلق واقعات کے تناظر میں متعدد امریکی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق ان افراد پر میزائل اور ڈرون حملوں کی ویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزامات تھے۔

ان واقعات کے بعد حساس معلومات کی حفاظت، خفیہ ریکارڈنگ اور سکیورٹی سے متعلق مواد کی آن لائن تشہیر کے معاملات ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ تاہم دونوں واقعات کے درمیان کسی براہ راست تعلق کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

مزید پڑہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button