امریکا میں طاقتور سمندری طوفان ساحل سے ٹکراگیا، نیویارک اور نیوجرسی میں ایمرجنسی نافذ

امریکا میں طاقتور سمندری طوفان نار ایسٹر، مشرقی ساحلی ریاستیں متاثر
واشنگٹن: امریکا میں طاقتور سمندری طوفان نار ایسٹر مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، جس کے بعد کئی ریاستوں میں تیز ہواؤں اور شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ساحلی علاقوں میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ بارش کے باعث رہائشی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ متعدد درخت بھی گر گئے۔
طوفان کے باعث کئی گاڑیاں کئی فٹ پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ متاثرہ ریاستوں میں ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔
خراب موسم کے باعث 445 پروازیں منسوخ اور 3 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
نیویارک اور نیوجرسی کی متاثرہ کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اٹلانٹک اور نیو انگلینڈ میں تیز ہواؤں، بارش اور سیلاب کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔



