فٹبال میچ کے دوران پک آپ ٹرک میدان میں گھس گیا، بچے سمیت 2 افراد جان سے گئے

امریکی ریاست کنساس کے شہر وچیٹا میں بچوں کے فٹبال میچ کے دوران پک اَپ ٹرک کھیل کے میدان میں داخل ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک 16 سالہ بچے اور ایک 35 سالہ شخص سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اسٹرائیکر اسپورٹس کمپلیکس میں پیش آیا، جہاں بچے فٹبال کھیل رہے تھے۔ گاڑی چلانے والی 34 سالہ خاتون کے ساتھ اس کے دو کم عمر بچے بھی موجود تھے۔ پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں 5 سے 9 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گاڑی میدان میں کیسے داخل ہوئی۔
حادثے کے بعد اسپورٹس کمپلیکس کی دیگر سرگرمیاں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ پولیس نے عینی شاہدین سے ویڈیوز اور تصاویر فراہم کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔



